سماعتِ اذان ... ظفرجی
ایک بار کچھ انگریز ہمارے مہمان بنے- بہت جلد ہمارے بیچ دوستانہ سا ہو گیا- اب کبھی مل کر تاش کی بازی چل رہی ہے تو کبھی ہم چائے بنا بنا کر انہیں پیش کر رہے ہیں- انگریزی سیدھی کرنے کا شوق بھی پورا ہونے لگا اور یورپ کے بارے میں جاننے کا بھی-
مسجد ہماری جائے سکونت کے قریب واقع تھی- ہم نے محسوس کیا کہ اذان کی آواز سنتے ہی وہ گورے اپنی نشستوں پہ مؤدب ہو کر بیٹھ جاتے- اپنے ہاتھ گود میں رکھ کے سر کو یوں جھکا لیتے گویا بیٹھے بیٹھے نماز پڑھ رہے ہوں-
دوسری طرف ہمارا وطیرہ تھا کہ اذان ہونے پہ زیادہ سے زیادہ ٹی وی کی آواز بند کر دی یا تاش روک دی- باقی جو لیٹا ہے وہ لیٹا رہتا اور جو بیٹھا ہے وہ پاؤں پسارے پڑا رہتا-
شاید ان گوروں کو ان کے سفارتی حکام نے یہ بات سکھلائی تھی کہ مسلم ممالک میں جا کر اذان سنتے ہی سیدھے ہو کر بیٹھ جانا کیوں کہ مسلمان اذان کا بے حد احترام کرتے ہیں- مثل مشہور ہے ، جیسا دیس ویسا بھیس-
بہرحال چند دن ، ان گوروں کی صحبت میں رہ کر ہم لوگ بھی اذان کا ادب کرنے کے عادی ہو گئے اور انہی کی طرح یکسو ہو کر اذان سماعت کرنے لگے-
ہماری خالہ جان (خوش دامن) ایک ٹھیٹھ پنجابی کلچرل خاتون تھیں اور ناخواندہ ہونے کے سبب اذان کا جواب مروجہ پنجابی کلمہ "صدقے یا رسول اللہ" سے دیا کرتی تھیں- ان کی بڑی دختر ( ہماری زوجہ) نے سمجھایا کہ اماں اذان کا مکمل جواب دیا کرو- جیسے جیسے مؤذن الفاظ ادا کرے ، آپ بھی ادا کیا کرو- تب تو یہ بات خالہ کے پلے نہ پڑی اور بحث کرنے لگیں- کوئی سال بعد جا کر ہتھیار ڈالے اور کلماتِ اذان کا جواب دینا شروع کر دیا-
جس رات خالہ جان کا انتقال ہوا میں موجود نہ تھا- اس سے اگلی شب میں نے زوجہ محترمہ سے دریافت کیا کہ خالہ جان کے آخری وقت کی کچھ تفصیل اگر ہو سکے تو بیان کرو-
انہوں نے بتایا کہ اماں جان سانس کی تکلیف کے سبب سخت اذیت میں تھیں اور بار بار آکسیجن سیلنڈر اتارنے کی کوشش کر رہی تھیں- پوری رات یونہی گزر گئی-
اذانِ فجر ہوئی تو نیم بے ہوشی کے عالم میں کلماتِ اذان کا جواب با آوازِ بلند دیا اور اس حالت میں روح قبض ہوئی کہ زبان پہ اشہد ان لا الہ الااللہ کے کلمات تھے-
موبائل ، دوکان ، دفتری امور بحث ابحات سمیت سب کار چھوڑ کر یکسوئی سے اذان سننے کا اہتمام کیا کرو دوستو ! کلماتِ اذان کا جواب دیا کرو ، بھلے چھ مساجد میں بیک وقت ہو رہی ہو- آخر کتنے منٹ لگتے ہیں اس وظیفے میں؟ کیا معلوم یہی وظیفہ رب تعالی کے ہاں قبولیت کا درجہ پا جائے اور ہماری بخشش کا ذریعہ بن جائے-
اللہ پاک مجھے اور آپ کو اذان کا احترام کرنے اور کلماتِ اذان کا درست جواب دینے کی توفیق عطا فرمائے- امین-
(ظفرجی)

0 Comments